ایشیز سیریز سے قبل 2 آسٹریلوی فاسٹ بولرز کو انجری کا سامنا
ایشیز سیریز سے قبل 2 آسٹریلوی فاسٹ بولرز کو انجری کا سامنا ہے۔ جوش ہیزل ووڈ اور شان ایبٹ انجری کے خطرے سے دوچار ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایشیز سیریز شروع ہونے میں 9 دن رہ گئے ہیں، آسٹریلوی فاسٹ بولرز کے انجرڈ ہونے کا خدشہ ہے۔
فاسٹ بولرز کو سڈنی میں شیفلڈ شیلڈ کے میچ میں فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑا، دونوں فاسٹ بولرز کھانے کے وقفے کے بعد فیلڈنگ کے لیے نہیں آئے تھے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز نے تصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولرز کا معائنہ جاری ہے، فاسٹ بولرز کو ہیم اسٹرنگ انجری کا سامنا ہے، انجری کس نوعیت کی ہے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
جوش ہیزل ووڈ کا ان فٹ ہونا آسٹریلوی ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکا ہو گا، فاسٹ بولر برینڈن ڈوجیٹ کے آسٹریلوی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے دروازے کھل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز پہلے ہی کمر کی تکلیف کے باعث پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔